نعرۂ صلِ علیٰ کے جشنِ سرور کے چراغ
جل رہے ہیں چار سو عشقِ پیمبر کے چراغ
ہو رہی ہیں آسماں پر انجمن آرائیاں
پُر ضیا کرتے ہیں محفل ماہ و اختر کے چراغ
سج گئی ہے بزمِ گیتی آمدِ سرکار سے
جھلملائیں کو بکو پر کیف منظر کے چراغ
ہو گئے پر نور فیضانِ پیمبر کے طفیل
اے حلیمہ سعدیہ تیرے مقدر کے چراغ
صبحِ نو توحید کی آئی چلی بادِ سحر
بجھ گئے ایوانِ باطل میں سبھی شر کے چراغ
ختم ہو سکتی نہیں حُبِ نبیؐ کی روشنی
ہیں منور چار سو عشاقِ سرور کے چراغ
خوفِ رب، عشقِ نبیؐ، حسنِ عمل، توبہ، نماز
اہلِ ایماں کے لیے ہیں قبر و محشر کے چراغ
اہلِ حق کو دے رہے ہیں عزمِ محکم کی ضیا
کربلا میں اب بھی روشن ہیں بہتّر کے چراغ
چشمِ رحمت ہوگی احسؔن ایک دن سرکار کی
جگمگائیں گے تمھارے بھی مقدر کے چراغ
شاعر کا نام :- احسن اعظمی
کتاب کا نام :- بہارِ عقیدت