نعت ان کی خدا کی رحمت ہے
جیسے بیٹی خدا کی رحمت ہے
لب پہ ہر پل درود ہے ان کا
ہر گھڑی ہی خدا کی رحمت ہے
آپؐ کی مدحت و محبت میں
عمر گزری خدا کی رحمت ہے
اپنی صورت میں شاہِؐ عالم نے
ہم کو بخشی خدا کی رحمت ہے
قرب بخشے جو ان کے روضے کا
ایسی دوری خدا کی رحمت ہے
خاکِ طیبہ پہ ہے جبیں رکھی
یہ عطا بھی خدا کی رحمت ہے
عشقِ احمدؐ میں جو گزرتی ہے
زندگانی خدا کی رحمت ہے
دل کی نظروں سے دیکھیں اک جیسی
ان کی مرضی ، خدا کی رحمت ہے
روزِ اوّل سے تا ابد طاہرؔ
ان کی ہستی خدا کی رحمت ہے
شاعر کا نام :- پروفیسر محمد طاہر صدیقی
کتاب کا نام :- ریاضِ نعت