رکھتا ہے جو بھی دل میں عقیدت حضور کی
ہوئی ہے اُس پہ خاص عنایت حضور کی
اللہ کا بڑا ہی کرم اُس پہ ہو گیا
جس کو عطا ہوئی ہے محبت حضور کی
معراج پر ہیں دیکھ کے ، حیران جبرئیل
وہ عظمت و سیادت و رفعت حضور کی
دونوں جہاں میں ہو گیا وہ شخص سرخرو
قسمت سے مل گئی جسے قربت حضور کی
کرتا ہوںمیں ثنائے نبی اِس یقین سے
محشر میں بخشوائے گی نسبت حضور کی
جب تک مرے وجود میں آصف یہ دَم رہے
کرتا رہوں میں ہر گھڑی مدحت حضور کی
شاعر کا نام :- محمد آصف قادری
کتاب کا نام :- مہرِحرا