رسول میرے مِرے پیمبر درود تم پر سلام تم پر
کرم کی ہو اِک نگاہ ہم پر ، درود تم پر ، سلام تم پر
قرآن کیا ہے ، تمہاری باتیں ، تمہارے نغمے ، تمہاری نعتیں
کہے گا کیا کوئی اِس سے بہتر ، درود تم پر سلام تم پر
یہ لیلیِٰٔ شب سنور رہی ہے ، جو مانگ تاروں سے بھر رہی ہے
تمہارے قدموں کی دھول لے کر ، درود تم پر سلام تم پر
تمہارے گھر کی فصیل قرآں ، خدا کی قدرت تمہارا ایواں
خدا کی رحمت تمہارا دفتر ، درود تم پر ، سلام تم پر
یہ کلمہ لاشریک دیکھا تمھیں وہاں بھی شریک دیکھا
خدا ہی جانے یہ راز بہتر ، درود تم پر ،سلام تم پر
شاعر کا نام :- حضرت ادیب رائے پوری
کتاب کا نام :- خوشبوئے ادیب