یہ مری حدِ سفر ہو جیسے
رو برو آپ کا در ہو جیسے
میں زمیں پر ہوں دماغ عرش پہ ہے
ان کی دہلیز پہ سر ہو جیسے
جگمگا تا ہے کچھ اس طرح شور
آپ کی راہ گزر ہو جیسے
ان کی نعلین کے ذرے خورشید
کہکشاں گردِ سفر ہو جیسے
یوں سرِ راہ لگی ہیں آنکھیں
ان کے آنے کی خبر ہو جیسے
کیف افروز ہے یوں شغلِ درود
رات طیبہ میں بسر ہو جیسے
یوں ہر اک شے کی حقیقت ہیں حضورؐ
آنکھ میں نورِ نظر ہو جیسے
یوں ہر اک سانس سے پیغام ِ سکوں
التجاؤں کا ثمر ہو جیسے
ان کے دیوانے کا اللہ دے فیض
کوئی پھلدار شجر ہو جیسے
ان کی دن رات زیارت کرنا
یوں ہے معراجِ بشر ہو جیسے
اس طرح یاد تمہاری آئی
کوئی پر نور سحر ہو جیسے
نعت یوں وجہِ سکوں ہے خالدؔ
نعت ہی زادِ سفر ہو جیسے
شاعر کا نام :- خالد محمود خالد
کتاب کا نام :- قدم قدم سجدے