صد شکر کہ یوں وردِ زباں حمدِ خدا ہے
وہ سب سے بڑا ، سب سے بڑا ، سب سے بڑا ہے
اس کا کوئی ثانی ، نہ مشابہہ ، نہ مقابل
وہ سب سے جُدا، سب سے جُدا ، سب سے جُدا ہے
کافر ہو کہ مسلم ، کوئی مشرک ہو کہ مومن
وہ سب کا خدا، سب کا خدا ، سب کا خدا ہے
وہ خالقِ کونین بھی ، وہ رزّاق جہاں بھی
وہ ربِ عُلی ٰ، ربِ عُلیٰ ، ربِ عُلیٰ ہے
یہ رنگ ، یہ خوشبو ، یہ بہاریں ، یہ فضائیں
سب اُس کی عطا ، اُس کی عطا ، اُس کی عطا ہے
معراجِ عبادات بھی ، معراجِ سخن بھی
صرف اُس کی ثناء، اُس کی ثناء، اُس کی ثناء ہے
اقبؔال لئے جاؤ سدا نام خدا کا
جو دل کی جلا، غم کی دوا ، دُکھ کی شفا ہے
شاعر کا نام :- پروفیسراقبال عظیم
کتاب کا نام :- زبُورِ حرم