آنسو جو آئے آنکھ میں مثلِ گُہر لگے
ختمِ رُسُلؐ کی یاد سے ہم معتبر لگے
اُس کے لیے دیارِ نبیؐ ہے پناہ گاہ
ٹھوکر قدم قدم پہ جسے در بدر لگے
دیکھے جو کوئی چشمِ حقیقت سے اِس طرف
خُلدِ بریں سے بڑھ کے مُحمدؐ کا گھر لگے
پرواز فکر کیا کہوں نعتِ رسولؐ میں
لُطفِ خدا سے طائرِ بے پَروا کو پر لگے
رُوئے نبیؐ کی ایک جھلک ماند کر گئی
دُنیا کے سب چراغ، چراغِ سحر لگے
آتی ہے روز گُنبدِ خَضرٰی کو چُوم کر
کیوں کر ہمیں نہ بادِ صبا معتبر لگے
آقا ہمارے سرورِؐ کونین ہیں نصیرؔ
دونوں جہان میں ہمیں اب کس کا ڈر لگے
شاعر کا نام :- سید نصیرالدیں نصیر
کتاب کا نام :- دیں ہمہ اوست