اپنی گلیوں میں وہ پھراتا ہے
سارے منظر حسیں دکھاتا ہے
ہر کسی کی بھلا کہاں قسمت
جس کو چاہے اسے بلاتا ہے
جو بھی آتا ہے اس کی چوکھٹ پر
اس کی خوشبو میں ڈوب جاتا ہے
سبز گنبد کو دیکھ کر سورج
کس عقیدت سے مسکراتا ہے
جس کی پلکیں وہاں نہیں جھکتیں
اس کی حالت پہ رحم آتا ہے
مانگنے کا جسے سلیقہ ہو
اپنی پلکیں وہاں بچھاتا ہے
جس مین اس کی بھلا نہ ہو خوشبو
ایسی جنت میں کون جاتا ہے
ایسا آقا یے جو غلاموں کے
ہر مصیبت میں کام آتا ہے
اس کی دنیا کا ہر نیا جھونکا
کتنا اونچا مجھے اڑاتا ہے
وہ ہے رحمت کا اک جہاں انجم
میرے دل میں کہاں سماتا ہے
شاعر کا نام :- انجم نیازی
کتاب کا نام :- حرا کی خوشبُو