عطا فضل جود و رحیمی کے بادل
نبیؐ آئے برسے کریمی کے بادل
انھیں رب نے بھیجا ہے قاسم بنا کر
برستے ہیں ان کی قسیمی کے بادل
فضائے دیارِ نبیؐ میں ہیں چھائے
عطائے خدا سے نعیمی کے بادل
یتیموں کے لب پر تبسم ہے رقصاں
گھرے ہیں نبیؐ کی حلیمی کے بادل
کرم کی گھٹا آج طیبہ میں چھائی
کریں رقص بادِ نسیمی کے بادل
ہوئے جلوہ فرما یتیموں کے ملجیٰ
چھٹیں گے جہاں سے یتیمی کے بادل
دعا کی نبیؐ کے وسیلے سے جس دم
امنڈ آئے رب کی رحیمی کے بادل
مدینے کی مہکی فضا اللہ اللہ
برستے ہیں بوئے شمیمی کے بادل
سرِ حشر سائے میں رکھیں گے احسؔن
ہمیں مصطفیٰؐ کی کریمی کے بادل
شاعر کا نام :- احسن اعظمی
کتاب کا نام :- بہارِ عقیدت