ہم بصد احترام سوچتے ہیں
جب نبی کا مقام سوچتے ہیں
پہلے آقا کا نام سوچتے ہیں
پھر نیا کوئی کام سوچتے ہیں
جب بھی لکھتے ہیں نعتِ پاکِ رسول
پہلے رب کا کلام سوچتے ہیں
دیکھ کر زائرینِ غارِ حرا
مصطفےٰ کا قیام سوچتے ہیں
ساری دنیا میں پھیل جائے کاش
مصطفےٰ کا پیام سوچتے ہیں
کب مدینہ بلائیں گے آقا
ہم یہی صبح و شام سوچتے ہیں
دیکھ کر حسنِ مصطفےٰ پہروں
شمس و ماہِ تمام سوچتے ہیں
تم قیام و سجود کی سوچو
ہم درود و سلام سوچتے ہیں
کیوںنہ مہکیں دل و دماغ شفیق ؔ
آپ آقا کا نام سوچتے ہیں
شاعر کا نام :- شفیق ؔ رائے پوری
کتاب کا نام :- متاعِ نعت