جو بشیرؐ ہے جو نذیرؐ ہے
مرا رہنما مرا میرؐ ہے
میں تو ریگزار ہوں پیاس کا
وہؐ کرم کا ابرِ مطیر ہے
جسے چھو لیا ترےؐ ہاتھ نے
وہی مشکِ عُود و عبیر ہے
تراؐ نعت گو ، تریؐ زُلف کا
بڑی مدتوں سے اسیر ہے
ترےؐ در کی ہو ، مرے ہاتھ پر
جو بڑے سفر کی لکیر ہے
تریؐ مِلک دونوں جہاں مگر
تراؐ شوق نانِ شعیر ہے
نہ جواہرات ہیں تاج پر
نہ لباس تن پہ حریر ہے
جسے مِل رہا ہے سکون دل
ترےؐ آستاں کا فقیر ہے
ترےؐ حسنِ رشکِ کمال کی
نہ مثال ہے نہ نظیر ہے
مری حسرتیں ہیں قلیل سی
تراؐ اختیار کثیر ہے
شاعر کا نام :- اشفاق احمد غوری
کتاب کا نام :- صراطِ خلد