لطف غزل بھی اپنی جگہ خوب ہے مگر
نعتِ نبی ﷺ کا سچ ہے ‘ مزا ہی کچھ اور ہے
جنت کی نعمتوں سے میں منکر نہیں مگر
شہرِ نبی ﷺ کی آب وہوا ہی کچھ اور ہے
طوافِ حرم کے وقت بھی تھا طیبہ دھیان میں
دربار مصطفےٰ کی فضا ہی کچھ اور ہے
عشقِ رسول کیا ہے ‘ مسیحا کو کیا خبر
اس دردِ جانفزا کی دوا ہی کچھ اور ہے
شاہی سے بے نیاز‘ فقیری میں سرفراز
اس دَر کے سائلوں کی ادا ہی کچھ اور ہے
قدموں سے ان کی جا کے لپٹ جاؤ عاصیو
آقاﷺ کی شانِ عفوِ خطا ہی کچھ او ر ہے
ملتی ہے سائلوں کو وہاں بھیک بے حساب
اس در کا اہتمام ِ عطا ہی کچھ اور ہے
شاعر کا نام :- پروفیسراقبال عظیم
کتاب کا نام :- زبُورِ حرم