میں کہ ناقص ،کس طرح سے تیری مدحت کر سکوں
بے ہنر ہوں میرے آقاؐ! کیسے جرأت کر سکوں
پھول نعتوں کے چنے ہیں عمر بھر اس آس پر
قبر میں سرکارؐ آئیں، پیشِ خدمت کر سکوں
رات دن ان کا تصور ہر گھڑی ان کا خیال
کاش میں اپنے تخیل کو عبارت کر سکوں
حشر میں کیجے شفاعت بندۂ ناچیز کی
یوں لوائے حمد کے نیچے اقامت کر سکوں
یہ زباں بھی ہوسکے توصیف کے قابل شہا!
اپنے قلب و روح کی ایسی طہارت کر سکوں
آخرش ایمان طیبہ میں سمٹ کر آئے گا
کاش میں بھی اس گھڑی طیبہ سکونت کر سکوں
تیری یادوں کو بسا کر اپنے دل میں ہر گھڑی
قلبِ حیراں کے لیے سامانِ راحت کر سکوں
خاکِ طیبہ کو بنا لوں آنکھ کا سرمہ جلیل
یوں مدینہ شہر کی جی بھر زیارت کر سکوں
شاعر کا نام :- حافظ عبدالجلیل
کتاب کا نام :- رختِ بخشش