میرا نبی جیسا ہے کوئی ایسا ہو تو بات کرو
رحمت عالم سرور دیں سا دیکھا ہو تو بات کرو
اپنے رب سے لیتا ہے اور ہم منگتوں کو دیتا ہے
میرے داتا جیسا کوئی داتا ہو تو بات کرو
سارے نبی ہیں ارفع اعلیٰ سب سے بالا میرا نبی
عرش پر کوئی ان کے سوا جو پہنچا ہو تو بات کرو
شافع محشر ساقی کوثر جود و سخا کا پیکر ہے
آپ کے در سے کوئی خالی لوٹا ہو تو بات کرو
کتنا پیارا میٹھا کتنی عظمت والا ہے
اُن کے نام سے نام کسی کا اچھا ہو تو بات کرو
ماتھے پر یسین کا سہرا نور کے جلوے چہرے پر
دونوں جہاں میں کوئی ایسا دُولہا ہو تو بات کرو
اور بھی لاکھوں آئے پیمبر سب پر ایمان ہے
کوئی مگر اُمت کے غم میں رویا ہو تو بات کرو
رحمت عالم خلق مجسم دُکھیاروں کے ہمدم ہیں
میرے نبی سا کوئی نیازی آقا ہو تو بات کرو
شاعر کا نام :- عبدالستار نیازی
کتاب کا نام :- کلیات نیازی