رکھتے نہیں ہیں جو درِ خیر البشرؐ پہ ہاتھ
روئیں گے روزِ حشر وہی رکھ کے سَر پہ ہاتھ
اِس مصلحت سے نُورِ ازل کو بشر کہا
اللہ کا ہے عظمتِ نوعِ بشر پہ ہاتھ
جز اُن کے گَردِ راہ بنی کس کی کہکشاں
پہنچے ہیں کس کے دامنِ شمس و قمر پہ ہاتھ
سِدرہ پہ رُک گئے شبِ معراج جبرئیلؑ
پرواز اُن کی رکھ نہ سکی بال و پَر پہ ہاتھ
دیکھا جو اُن کے جلوۂ رُوئے صبیح کو
بادِ صبا بڑھاتی ہے شمعِ سحر پہ ہاتھ
ہوتی نہ دلفریب یہ صورت جہان کی
ہوتے حُضورؐ کے نہ اگر بحر و بر پہ ہاتھ
بے ساختہ لبوں پہ جو نام اُن کا آگیا
رکّھا حُضورؐ نے وہیں قلب و جگر پہ ہاتھ
منزل نے کارواں کو صدا دی کہ حوصلہ
تھک کر مسافروں نے جو رکّھے کمر پہ ہاتھ
مَیں کیا نصیرؔ اور مِرے شعر کیا، مگر
اللہ کی عطا سے ہے دوشِ ہُنر پہ ہاتھ
شاعر کا نام :- سید نصیرالدیں نصیر
کتاب کا نام :- دیں ہمہ اوست