تعلق جوڑ لینا اور پھر محوِ ثنا رہنا
مجھے منظور ہے برسوں ترے در پر کھڑا رہنا
رہے گی تجھ سے وابستہ سدا انوار کی بارش
کہاں ممکن ہے سورج کا شعاعوں سے جدا رہنا
کسی کونے میں لکھ لینا میرا بھی اسمِ صد پارہ
مجھے شاید نہ راس آئے زیادہ پارسا رہنا
تری کتنی عنایت ہے کہ میں بکھرا نہیں ورنہ
بہت مشکل ہے طوفانوں کے آگے یوں کھڑا رہنا
تری دہلیز چھُو لینا برابر ہے نوافل کے
ترے کُوچے کی مٹی پر عبادت ہے پڑا رہنا
شاعر کا نام :- انجم نیازی
کتاب کا نام :- حرا کی خوشبُو