وردِ زباں ہے نام پیمبر خدا کے بعد
لکھتا ہوں نعتِ پاک میں حمد و ثنا کے بعد
ذی شان انبیا ہیں مگر مصطفیٰؐ کے بعد
سب سے عظیم ذاتِ نبیؐ ہے خدا کے بعد
لبہائے بے کساں پہ تبسم مچل گئے
تشریف آوریِ شہِ دوسرا کے بعد
رخصت پذیر ہوگئی باطل کی تیرگی
شہرِ عرب میں آمدِ شمس الضحیٰ کے بعد
دہقاں عرب کے بن گئے سرخیلِ کارواں
وابستگیِ دامنِ خیر الوریٰ کے بعد
ذاتِ نبیؐ پہ بابِ نبوت ہوا ہے بند
آئے گا اب نہ کوئی نبیؐ مصطفیٰؐ کے بعد
امت میں سب سے افضل و اعلیٰ عتیق ہیں
صدیق جیسا کوئی نہیں انبیا کے بعد
دنیا میں اور رونقِ اسلام بڑھ گئی
بہرِ عمر نبی کی قبولِ دعا کے بعد
کوئی سخی ہوا نہ سخاوت میں بے نظیر
عثمان جیسے پیکرِ جود و سخا کے بعد
تاریخ کہہ رہی ہے شجاعت میں بے مثال
پیدا ہوا نہ کوئی جری مرتضیٰ کے بعد
احسؔن تیرا اثاثۂ نعتِ رسولِ پاک ؐ
عقبیٰ میں کام آئے گا تیری قضا کے بعد
شاعر کا نام :- احسن اعظمی
کتاب کا نام :- بہارِ عقیدت