زندگی کا مسئلہ ہے واپسی
جاں کَنی کا مرحلہ ہے واپسی
در نبیؐ کا چھوڑنا ممکن نہیں
کربلا کا سانحہ ہے واپسی
ساتھ اپنے کیوں نہ لائی تُو قضا
اک یہی تجھ سے گلہ ہے ، واپسی!
نے زمیں نے آسماں پر میں رہا
چار سو میرے خلا ہے واپسی
جس کو کہتے ہیں خطِ لامنتہا
ایسا ہی اک سلسلہ ہے واپسی
دور مجھ کو ان کے در سے کر دیا
کیا بھلا تجھ کو ملا ہے واپسی!
کوئی طاہرؔ مجھ سے پوچھے تو کہوں
اک قیامت اک بلا ہے واپسی
شاعر کا نام :- پروفیسر محمد طاہر صدیقی
کتاب کا نام :- ریاضِ نعت