خلد کےنشے میں غلطان نظر آتے ہیں
کتنے دلچسپ مسلمان نظر آتے ہیں
کس جہاں میں مجھے لے آیا ہے یا رب کہ جہاں
سب کے سب چاک گریبان نظر آتے ہیں
ہائے یہ ضعفِ عقیدت ترے بندے یا رب
مسجدوں میں بھی پریشان نظر آتے ہیں
طعن و تشنیع نہ کر بادہ کشوں پر واعظ
لوگ یہ صاحبِ عرفان نظر آتے ہیں
ان کی اس سادہ نگاہی پہ نہ جانا اعظم
دیکھنے میں بہت انجان نظر آتے ہیں
شاعر کا نام :- محمد اعظم چشتی
کتاب کا نام :- کلیاتِ اعظم چشتی