مصطفیٰ آپ کی گلی اچھی
شہرِ طیبہ کی دل کشی اچھی
زندگی بہرِ بندگی اچھی
ورنہ جینے سے موت ہی اچھی
ان کے عُشّاق کی نگاہوں میں
ہو بھلا کیسے خسروی اچھی؟
میرے دل کے نگار خانے میں
حسنِ احمد کی چاندنی اچھی
شاعری کی تمام صِنفوں میں
نعتِ اقدس کی شاعری اچھی
قصرِ شاہی کے زیب و زینت سے
بی حلیمہ کی جھونپڑی اچھی
آپ کی زندگی سے ظاہر ہے
مالداری سے مفلسی اچھی
مدحتِ شاہِ دیں میں جو گزرے
در حقیقت وہ زندگی اچھی
سروری جس پہ ناز کرتی ہے
ان کے در کی گداگری اچھی
لوگ کہتے ہیں آج کل احمدؔ
نعت ہوتی ہے آپ کی اچھی
شاعر کا نام :- مولانا طفیل احمد مصباحی
کتاب کا نام :- حَرفِ مِدحَت