درِ مولا ہی دیکھا اور نہ کوئی آستاں دیکھا
اُجڑتا شرک کا ہر ایک ہم نے آشیاں دیکھا
جو نکلا پرچم حق ہاتھوں میں لے کر زمانے میں
اُسی مردِ مجاہد کو ہمیشہ کامراں دیکھا
نظر آتا نہیں وہ قلب کے نزدیک رہتا ہے
ہیں جلوے چار سو اُس کے محبت سے جہاں دیکھا
ولی اللہ سب ہی تھے مسلماں تین سو تیرہ
خدا شاہد کبھی کوئی نہ ایسا کارواں دیکھا
خدا نے رحمتِ عالم بناکر اُن کو بھیجا ہے
حضورِ پاک سا رہبر نہ ہم نے مہرباں دیکھا
جو دینِ حق کی خاطر گردنیں اپنی کٹاتے ہیں
انہی کو سرخ دیکھا اُنہیں کو جاوداں دیکھا
غموں کی دھوپ میں قرآں پڑھا جب بھی کبھی میں نے
خدا کے فضل کا طاہرؔ نے سر پر سائباں دیکھا
خدائے پاک کی صناعی کا طاہرؔ بیاں کیا ہو
ستوں جس کا نہیں ہم نے وہ نیلا آسماں دیکھا
شاعر کا نام :- طاہر سلطانی
کتاب کا نام :- پیشِ خدا ہوں حمد کا دیواں لیے ہوئے