توصیف نبیﷺ کرنے والے تعریف خدا ہی کرتے ہیں
میلادِ نبیﷺ کی محفل میں ہم حمد الہی کرتے ہیں
محبوب خدا ان لوگوں کی خود پشت پناہی کرتے ہیں
جو ذکر الہی کرتے ہیں جو حمدِ الہی کرتے ہیں
یہ ارض و سما یہ شمس و قمر یہ حور و ملک یہ جن و بشر
ہر وقت زباں سے اپنی بیاں توحید الہی کرتے ہیں
منہ ان کا اجالا رہتا ہے دنیا میں لحد میں عقبیٰ میں
اٹھ اٹھ کر اندھری راتوں میں جو یاد الہی کرتے ہیں
توحید الہی منزل بابِ نبوی سے کر حاصل
ایمان عطا ہر مسلم کو محبوب الہی کرتے ہیں
بخشے کہ نہ بخشے تو یارب ہے فردِ عمل تیرے آگے
خود اپنی بیاضِ عصیاں پر ہم اپنی گواہی کرتے ہیں
اسلام مٹانا چاہتے ہیں توحید کے دشمن دنیا سے
برباد انھیں کردے یارب برپا جو تباہی کرتے ہیں
اعمال حسن کچھ پاس نہیں یوں عمر بسر ہوتی ہے ضیا
یا نعتِ محمدﷺ لکھتے ہیں یا حمدِ الہی کرتے ہیں
شاعر کا نام :- محمد یعقوب حسین