اللہ کا طاہر پہ کرم خوب ہوا ہے
ہونٹوں پہ سدا حمدِ خدا حمدِ خدا ہے
رب سب سے بڑا سب سے بڑا سب سے بڑا ہے
ہم کو یہ سبق سیّدِ عالم نے دیا ہے
قادر ہے ہر اک شئے پہ وہی مالک و مولا
اس کے ہی تصرف میں فنا اور بقا ہے
یہ شمس و قمر نور جو دیتے ہیں جہاں کو
اِن کی دمک سب ان کی چمک رب کی عطا ہے
یہ بات بھی قرآن سے ثابت ہے بلا شک
شہ رگ سے جو نزدیک ہے وہ سچّا خدا ہے
مالک وہی اپنا جو ہے رازق و خالق
جو کچھ بھی مِلا ہم کو فقط رب سے مِلا ہے
دل سے جو کبھی ذکرِ خدا میں نے کیا ہے
اک نور سا آنگن میں مرے پھیل گیا ہے
ممکن ہی نہیں شانِ خداوند بیاں ہو
طاہرؔ یہی قرآنِ مبیں بول رہا ہے
شاعر کا نام :- طاہر سلطانی
کتاب کا نام :- پیشِ خدا ہوں حمد کا دیواں لیے ہوئے