عدالت ہے تن جان فاروقِ اعظم
ہیں ایماں کا ایمان فاروقِ اعظم
صداقت کی تصدیق ، صدیق اکبر
عدالت کی پہچان فاروقِ اعظم
وہ د ل ! جس پہ عرش الہٰی تصدّق
اسی کا ہیں ارمان فاروقِ اعظم
کچھ اہل حکومت کا ہی حق نہیں ہے
مرے بھی ہیں سلطان فاروقِ اعظم
ہر اک حکم ان کا نہ کیوں حق نگر ہو
نبی کا ہیں فرمان فاروقِ اعظم
بصد آرزو پانی بھرتی ہیں شانیں
کچھ ایسے ہیں ذیشان فاروقِ اعظم
صبیحؔ آلِ اطہر کی ہر ایک ادا پر
ہیں سو جاں سے قربان فاروقِ اعظم
شاعر کا نام :- سید صبیح الدین صبیح رحمانی
کتاب کا نام :- کلیات صبیح رحمانی