بیٹھتے اُٹھتے نبیؐ کی گفتگو کرتے رہے
عشق والے ہیں جو ان کی آرزو کرتے رہے
عاشقانِ مصطفےٰؐ ہر دور میں ہر موڑ پر
آپ کے نقشِ قدم کی جستجو کرتے رہے
قابلِ صد رشک ہے ان کا طریقِ بندگی
جو نمازی اپنے اشکوں سے وضو کرتے رہے
اہل ایماں نے کیے سجدے عجب انداز سے
سر کٹا کے اپنے سر کو سرخرو کرتے رہے
ہوگئے گوشہ نشیں سارے وظیفے چھوڑ کر
ہم تصور میں انہی کو رُو برُو کرتے رہے
دوجہاں میں وہ ظہوریؔ پا گئے آبرو
جو بھی نامِ مصطفےٰؐ کی آبرو کرتے رہے
شاعر کا نام :- محمد علی ظہوری
کتاب کا نام :- نوائے ظہوری