ہے یاد تری اپنا ہنر عالم ﷺ
اور اشک جگر تاب کُہر سید عالم ﷺ
امکان مرے تیری نبوت کی گواہی
تو مطلع امکان بشر سید عالم ﷺ
آمد تری انوار کا اعلان جلی ہے
آفاق میں تو بانگ سحر سید عالم ﷺ
آباد رہوں، اسم محمدؐ کی فضا میں
ہو نام ترا میرا نگر سید عالم ﷺ
عثمان و ابوبکر و علی کی تجھے سو گند
مل جائے مجھے میری خبر سید عالم ﷺ
تابنده و بے باک کرے میرے جنوں کو
فاروق معظم کی نظر سید عالم ﷺ
بلقیس کے ہونٹوں پہ ترے نام کا نغمہ
اُس پر بھی عنایت کی نظر سید عالم ﷺ
کشفی کی یہی اک دعا ایک تمنا
مل جائے اُسے آپ کا در سید عالم ﷺ
شاعر کا نام :- ابو الخیر کشفی
کتاب کا نام :- نسبت