حُبِ رسولؐ سے ہے اگر تجھ کو احتراز
پھر تو عبث ہے زاہدِ ناداں تری نماز
آئے حضورؐ لے کے مساوات کا چلن
جگ سے حسب نسب کا ہوا ختم امتیاز
پیشِ بتانِ دیر جو تھے سجدہ ریز کل
رب کے حضور ان کے ہیں اب خم سر ِنیاز
اِسرا کی شب حضورؐ پہ وا کر دیے تمام
رکھے تھے رب نے غیب کے پردے میں جو بھی راز
تقویٰ نہ پارسائی نہ صوم و صلوٰۃ پر
ہے رحمتِ جہاں کی غلامی پہ ہم کو ناز
کھائی ہمیشہ مات پیمبر کے سامنے
بوجہل پھر بھی آیا نہ مکاریوں سے باز
اسلام اونچ نیچ کا دیتا نہیں سبق
اس کی حسیں مثال ہیں محمود اور ایاز
پیوندِ خاکِ طیبہ میں ہو جاؤں بعدِ مرگ
بس اتنی آرزو ہے مری اے شہِ حجاز
یا رب قبولیت کا شرف بخش دے اسے
توصیفِ مصطفیٰؐ میں ہے احسؔن رقم طراز
شاعر کا نام :- احسن اعظمی
کتاب کا نام :- بہارِ عقیدت