جب گنہگاروں کی طیبہ میں رسائی ہو گی
سر پہ رحمت کی گھٹا جھوم کے چھائی ہو گی
اس پہ برسیں گے قیامت میں کرم کے بادل
جس گنہ گار نے دی تیری دہائی ہو گی
روز محشر وہی ہوگا میرے آقا کے قریب
محفل صل علیٰ جس نے سجائی ہو گی
چشمہ چشم میں ہلچل سی مچی ہے کیسی
تیری یادوں میں کوئی آنکھ بھر آئی ہوگی
گرمی حشر کی شدت سے رہے گا محفوظ
جس کو بھی ساقی کوثر نے پلائی ہو گی
عرصہ حشر میں دیکھیں گے نبی کے منکر
وہ جدھر ہونگے ادھر ساری خدائی ہو گی
دل کے گلشن میں بہار آئی تو محسوس ہوا
ان کی زلفوں کو صبا چوم کے آئی ہو گی
جوش میں آئی تو ہو گی اے نیازی رحمت
تو نے سرکار کی جب نعت سنائی ہو گی
شاعر کا نام :- عبدالستار نیازی
کتاب کا نام :- کلیات نیازی