خارِ صحرائے مدینہ کی ہے کیا شان نہ پوچھ

خارِ صحرائے مدینہ کی ہے کیا شان نہ پوچھ

کتنا پر کیف ہے طیبہ کا گلستان نہ پوچھ


ختم ہوتا ہی نہیں جود و کرم کا لنگر

شہ کی دہلیز کا کس درجہ ہے فیضان نہ پوچھ


بول اٹھیں اس کے کفِ دست کی جب کنکریاں

کتنا بوجہل ہوا اس گھڑی حیراں نہ پوچھ


چاند دو نیم ہوا مہرِ فلک لوٹ آیا

سرورِ دیں کے ہے اعجاز کی کیا شان نہ پوچھ


رب سے رو رو کے دعا مانگی برائے امت

کتنا امت پہ ہے سرکار کا احسان نہ پوچھ


جب سمجھ پانے سے قاصر ہیں مکینِ سدرہ

شاہِ دیں کی حدِ رفعت تو اے نادان نہ پوچھ


ابنِ ثابت کو عطا کرتے ہیں آقاؐ منبر

نعت گوئی کا صلہ کتنا ہے ذیشان نہ پوچھ


جاں لٹا سکتا ہے ایمان نہ دے گا مومن

بے بہا کتنا مسلماں کا ہے ایمان نہ پوچھ


ہو کے نم دیدہ میں جب پہنچا درِ آقاؐ پر

اپنے عصیاں پہ ہوا کتنا پشیمان نہ پوچھ


اس کی پہچان ہے مداحِ نبیؐ کی صورت

اور احسؔن کی کوئی دوسری پہچان نہ پوچھ

شاعر کا نام :- احسن اعظمی

کتاب کا نام :- بہارِ عقیدت

دیگر کلام

یہ کس کی تشریف آوری پر بہار مژدہ سنا گئی ہے

پَردہ با پَردہ نگاہوں سے اُٹھا آج کی رات

ان کے روضے پہ بہاروں کی وہ زیبائی ہے

سرکار کی آمد ہے رحمت کی گھٹا چھائی

اس قدر ہے مرا رابطہ آپ سے

پھر سے بلاؤ جلد مدینے میں یارسول

مقدر میرا چمکے گا درِ سرکار دیکھوں گا

ہادیا تاجدار مدینے دیا سوہنا کوئی نہ تیرے جیہا ویکھیا

خدایا ! جائیں مکرر نبی کے روضے پر

ارضِ جنت کون دیکھے ارضِ طیبہ دیکھ کر