خُلد کے منظر مدینے میں نظر آئے بہت
رحمتوں کے ابر گِھر گِھر کر اُدھر آئے بہت
آپؐ جیسا ایک بھی آیا نہ آئے گا کوئی
محفلِ کونین میں یُوں تو بشر آئے بہت
مَیں نے جنگل میں کہی تھی نعت تنہا بیٹھ کر
دیکھتے ہی دیکھتے قُدسی اُتر آئے بہت
یہ اُسی مٹی کی قسمت تھی جو نیچے بچھ گئی
ورنہ پا بوسی کی خاطر بحر و بر آئے بہت
جب کبھی مَیں نے سُنا اسمِ مبارک آپؐ کا
رنگ چہرے پر عقیدت کے نکھر آئے بہت
جن کو ملنی تھی سعادت مِل گئی اب بحث کیا ؟
آپؐ پر قربان ہونے یوں تو سر آئے بہت
آپؐ جس کے منتظر تھے وہ جواں صرف ایک تھا
سر جھکانے کے لیے ورنہ عمر آئے بہت
شاعر کا نام :- انجم نیازی
کتاب کا نام :- حرا کی خوشبُو