مری نظر نے ترےؐ سنگِ در کو چوما ہے
وہ مشتِ خاک ہوں جس نے قمر کو چوما ہے
زمانہ چوم رہا ہے بڑی عقیدت سے
لبِ حبیبؐ نے جب سے حجر کو چوما ہے
جو آنکھ عشقِ محمدؐ میں اشکبار ہوئی
ملائکہ نے اُسی چشمِ تر کو چوما ہے
درُود اول و آخر پڑھا گیا جن کے
اُنہی دُعاؤں نے بابِ اثر کو چوما ہے
ہو خوش نصیب تمہاری نظر نے اے اشفاقؔ
دیارِ نور کے دیوار و در کو چوما ہے
شاعر کا نام :- اشفاق احمد غوری
کتاب کا نام :- صراط ِ نُور