مجھے نعتِ پیمبرؐ سے شغف ہے
یہی عاجز کا اعزاز و شرف ہے
زمانے میں نہیں محروم کوئی
وہ رحمت سایہ افگن ہر طرف ہے
اسی کے قطرہ ابرِ کرم کا
ازل سے منتظر دل کا صدف ہے
اسی کے در سے نسبت کی بدولت
گُہر سے بڑھ کے طیبہ کا خزف ہے
وہ سچا امتی ہے اس کا تائب
پئے ناموسِ دیں جو سربکف ہے
شاعر کا نام :- حفیظ تائب
کتاب کا نام :- کلیاتِ حفیظ تائب