نعت حال لوگوں پہ انگلیاں اٹھاتے ہیں
لوگ کیوں فرشتوں پہ انگلیاں اٹھاتے ہیں
نشۂ حضوری سے جو کبھی نہیں نکلے
بے قصور رندوں پہ انگلیاں اٹھاتے ہیں
کیا حضورؐ سے کہ دوں ! کیا میں ان کو بتلا دوں!
یہ تمھارے بردوں پہ انگلیاں اٹھاتے ہیں
آسمان کا تھوکا منھ پہ آ کے گرتا ہے
آپ چاند تاروں پہ انگلیاں اٹھاتے ہیں!
ہیں غلام آقاؐ کے ، کام ہے غلامی سے
کس لیے غلاموں پہ انگلیاں اٹھاتے ہیں؟
انگلیوں کو تسبیحیں ہم بناتے ہیں تو کیوں
انگلیوں کی پوروں پہ انگلیاں اٹھاتے ہیں
محرمِ مدینہ ہیں جو حرم کے ہیں محرم
کون ایسے نیکوں پہ انگلیاں اٹھاتے ہیں
گر ہے نعت پر کوئی ، معترض تو غم نہ کر
لوگ تو صحیفوں پہ انگلیاں اٹھاتے ہیں
طاہرؔ آج کل کے لوگ فرطِ عشقِ شاہؐ پہ
اور نیک جذبوں پہ انگلیاں اٹھاتے ہیں
شاعر کا نام :- پروفیسر محمد طاہر صدیقی
کتاب کا نام :- ریاضِ نعت