ہو گی کس سے بیاں عظمتِ مصطفی
ہے وراء الوریٰ رفعتِ مصطفی
ایک مجھ پہ تو کیا؟ ساری دنیا پہ ہے
شفقتِ مصطفی ، رحمتِ مصطفی
یاد رکھا ہمیشہ نہ بھولے اسے
کتنی خوش بخت ہے امت مصطفی
اس حقیقت کو تسلیم سب نے کیا
روحِ قرآن ہے سیرتِ مصطفی
ساری بے چینیاں دور ہو جائیں گی
دیکھ لوں گا میں جب صورتِ مصطفی
سرخرو دین و دنیا میں ہو جائوں گا
جب ہوا عاملِ سنتِ مصطفی
دونوں اعزاز آصف مجھے مل گئے
نسبتِ مصطفی، مدحتِ مصطفی
شاعر کا نام :- محمد آصف قادری
کتاب کا نام :- مہرِحرا