جانِ ایمان ہے الفتِ مصطفیٰؐ
رب کا فرمان ہے حرمتِ مصطفیٰؐ
ہوئی جابر کے گھر دعوتِ مصطفیٰؐ
ہر نوالے میں تھی برکتِ مصطفیٰؐ
پاک قرآن میں ان کا ہی ذکر ہے
جا بجا جا بجا مدحتِ مصطفیٰؐ
عرشِ اعظم کے اس پار جس کا گزر
لا مکاں تک رہی دعوتِ مصطفیٰؐ
ان کی امت کو حاصل ہوئی برتری
خیرِ امت ہوئی امتِ مصطفیٰؐ
انبیاء کو بھی اذنِ شفاعت نہیں
حق شفاعت کا ہے دولتِ مصطفیٰؐ
نور سے ان کے آدم کو دم مل گیا
پائی کونین نے نعمتِ مصطفیٰؐ
جن کی توہین کو کفر رب نے کہا
فرض عالم پہ ہے عظمتِ مصطفیٰؐ
نظمی کہتے رہو مصطفیٰؐ مصطفیٰؐ
ہوگی تم کو عطا قربتِ مصطفیٰؐ
شاعر کا نام :- سید آل رسول حسنین میاں برکاتی نظمی
کتاب کا نام :- بعد از خدا