حمد کب آدمی کے بس میں ہے
ایک حسرت نفَس نَفَس میں ہے
فکر کیا سوچ کر ہے بال کشا
جس کی پرواز ہی قفس میں ہے
دو جہاں جس کے تابعِ فرماں
کب کسی کی وہ دسترس میں ہے
ہے بقا اس کی ذات کو شایاں
جلوہ فرما وہ پیش و پس میں ہے
اس کی موج ِ کرم سے ہی تائبؔ
زیست کی لہر خار و خس میں ہے
شاعر کا نام :- حفیظ تائب
کتاب کا نام :- کلیاتِ حفیظ تائب