جب دیارِ شہِ انام آیا
عالمِ وجد میں غلام آیا
جو بھی پہنچا درِ پیمبر پر
واپس آیا تو شاد کام آیا
میں نے نوکِ قلم کو چوم لیا
نعت میں جب نبیؐ کا نام آیا
خوش ہوں شیدائیوں میں آقاؐ کے
مجھ سے خوش بخت کا بھی نام آیا
حشر میں لاج رکھ لی آقاؐ نے
عشقِ سرکار میرے کام آیا
اہلِ مکہ کو آپ نے بخشا
جس گھڑی وقتِ انتقام آیا
دیدنی اور ہو گیا منظر
جب مدینے میں وقتِ شام آیا
ہو گئی امن کی فضا قائم
لے کے اسلام وہ نظام آیا
لے کے رحمت کی چاندنی احسؔن
آمنہ کا مہِ تمام آیا
شاعر کا نام :- احسن اعظمی
کتاب کا نام :- بہارِ عقیدت