مسجدِ عشق میں دن رات عبادت کرنا

مسجدِ عشق میں دن رات عبادت کرنا

میرا پیشہ ہے محمدؐ سے محبت کرنا


آپؐ کے چاہنے والوں میں مرا نام بھی ہے

یا نبیؐ مجھ کو بھی شائستۂ رحمت کرنا


روزنِ خواب و تصور سے بھی صرف ایک نظر

دیکھ لو اُن کو تو اعلانِ بصیرت کرنا


اُن کو پڑھ لو تو اطاعت کے لب و لہجہ میں

عمر بھر ترجمۂ آیۂ سیرت کرنا


کام آئے گی تو آئے گی غلامی اُن کی

اُن کی دہلیز پہ سر رکھ کے حکومت کرنا


آپ کے سائے میں ہو حشر مرا میرے حضورؐ

اپنے ہمراہ مجھے داخلِ جنت کرنا


زہے قسمت مرا آقاؐ مرا مولاؐ وہ ہے

جس کا منصب ہے رسولوں کی امامت کرنا


پڑھ کے قرآنِ خدا میں نے مظفر سیکھی

مالک و سرورِ کونینؐ کی مدحت کرنا

شاعر کا نام :- مظفر وارثی

کتاب کا نام :- امی لقبی

دیگر کلام

میرا ماہی ماہی اللہ دا ہے

مدحت سرائیاں ہوں جو دل کے دیار میں

مجھے انکی یادوں نے آواز دی ہے

آرزوئیں بھی مشکبو کیجے

مرحبا مرحبا آگئے مصطفےٰ

وہ دل سکون کی دولت سے شاد کام ہوا

آقا تے مولا جگ دا

نہ اِس جہاں میں نہ اُس جہاں میں

عکسِ رُوئے مصطفےٰؐسے ایسی زیبائی مِلی

سبز گنبد مصطفےٰ ﷺ کا پیارا روضہ چھوڑ کر