معصومیت کا ہالا بچپن مرے نبیؐ کا
پھولوں کی طرح اجلا بچپن مرے نبیؐ کا
سب اچھی عادتوں سے پُر نور اور مزّین
سچائی کا حوالا بچپن مرے نبیؐ کا
آغوشِ آمنہ سے دن کی طرح ابھر کر
جگ کو سجانے والا بچپن مرے نبیؐ کا
گھر حارث و حلیمہ کا برکتوں سے بھرتا
رعنائیوں کا جھرنا بچپن مرے نبیؐ کا
شیما کی اور انیسہ کی چاہتوں کا مرکز
بادل محبتوں کا بچپن مرے نبیؐ کا
بنتِ اسد کی دھڑکن، وہ جانِ امِّ ایمن
تو قیرِ جد بڑھاتا بچپن مرے نبیؐ کا
شاعر کا نام :- حفیظ تائب
کتاب کا نام :- کلیاتِ حفیظ تائب