میرے دل میں ہے آقا ! قیام آپ کا
تذکرہ ہے لبوں پر مدام آپ کا
اپنی خواہش سے آقا نہیں بولتے
ہے وحیِ اِلٰہی کلام آپ کا
پیشِ خدمت کروں گا میں در پر شہا !
آنسوؤں سے لکھا ہے سلام آپ کا
جو حِرا سے اُتر کر دیا آپ نے
ساری دُنیا کو پہنچا پیام آپ کا
خود خُدا بھیجتا ہے درود آپ پر
اِتنا اُونچا ہے آقا ! مقام آپ کا
اِس کے حق میں شفاعت جو ہو آپْ کی
بخشا جائے گا آقا ! غُلام آپ کا
اِس زمیں پر ہی چرچا نہیں ہے فقط
گُونجتا ہے فلک پر بھی نام آپ کا
تذکرہ ہر جگہ ، ہر زماں ، ہر گھڑی
ہر زباں پر ہے خیرُالانام آپ کا
ہو جلیلِ حزیں پر بھی چشمِ کرم
یہ گُنہ گار ، بھی ہے غُلام آپ کا
شاعر کا نام :- حافظ عبدالجلیل
کتاب کا نام :- لمعاتِ مدحت