روح میں نقش چھوڑتی صورت
وہ پیمبرؐ کی ہاشمی صورت
پیکر مصطفیٰؐ سے زیباتر
متصّور نہیں کوئی صورت
سر بسر حسن، سر بسر تنویر
آپ کی سیرت، آپ کی صورت
ہو کرم تو نکل ہی آتی ہے
حاضری کے شرف کی بھی صورت
جاں کریں اُن کی آبرو پہ نثار
زندہ رہنے کی ہے یہی صورت
جابسیں اُن کے شہر میں تائبؔ
یہ سکوں کی ہے آخری صورت
شاعر کا نام :- حفیظ تائب
کتاب کا نام :- کلیاتِ حفیظ تائب