سبھی نے کوہِ رحمت پر سُنا خُطبہ شہِ دیں کا
صحابہ نے بہ جان و دل کہا مانا شہِ دیں کا
ہوا ہے کوئی اُن جیسا ، نہ ہوگا پھر قیامت تک
کہ جن کو سر کی آنکھوں سے ہوا جلوہ شہِ دیں کا
یہ جبریلِ امیں سے تُم ذرا پُوچھو شبِ اسرٰی
وہ کیا لذّت تھی جب چُوما گیا تلوا شہِ دیں کا
مدینے کے سفر میں یُوں سمویا اُس کو آنکھوں میں
کہ اب رہتا ہے نظروں میں سدا روضہ شہِ دیں کا
مُقدّر ہےصحابہ کا کہ وہ رہتے تھے خدمت میں
کہ تکتے زندگی گُزری کِھلا چہرہ شہِ دیں کا
خُدا کی سب عطاؤں کے مُحمّد مُصطفٰے قاسم
ہمیں تو جو مِلا ہے بس مِلا صدقہ شہِ دیں کا
مرے آقا کی عظمت کا احاطہ ہو نہیں سکتا
ہر اِک نے ہی کہا آخر ، ہے کیا کہنا شہِ دیں کا
بلندی بخش دی دائم مرے آقا کو مولا نے
زمانے میں رہا پرچم سدا اُونچا شہِ دیں کا
جلیل اُن سا زمانے میں کوئی ہوگا بھلا کیسے
کہ نبیّوں میں نہیں کوئی بھی ہم رُتبہ شہِ دیں کا
شاعر کا نام :- حافظ عبدالجلیل
کتاب کا نام :- لمعاتِ مدحت