سب سے بہتر ہے نام و نسب آپؐ کا
ساری دنیا پہ لازم اَدب آپؐ کا
کتنا محبوب ہے ربِ کونین کو
نُور در نُور حسنِ طلب آپؐ کا
کتنی شفاف ہے زندگی آپؐ کی
کتنا دلکش ہے جینے کا ڈھب آپؐ کا
بچہ بچہ بصد احترام و ادب
نام لیتا نہیں بے سبب آپؐ کا
باوضو ہو کے بیٹھا ہوں دہلیز پر
جانے پیغام آجائے کب آپؐ کا
کتنی تیزی سے دھڑکے گا پہلو میں دل
آکے دیکھوں گا روضہ میں جب آپؐ کا
شاعر کا نام :- انجم نیازی
کتاب کا نام :- حرا کی خوشبُو