حضور کی جستجو کریں گے
حریمِ دل مشکبو کریں گے
وہی بنیں گے ہمارے رہبر
جو آپ کی گفتگو کریں گے
طبیب ایسے ملے ہیں مجھ کو
جو چاک دل کے رفو کریں گے
ثبوت دیں گے محبتوں کا
تری اطاعت کو خو کریں گے
ہم اپنے دل کی تمام باتیں
حضور کے روبرو کریں گے
گلاب کر دیں گے نعت لکھ کر
حروف کو رنگ و بو کریں گے
سجا کے اشفاقؔ حرفِ مدحت
یہ تذکرے سو بسو کریں گے
شاعر کا نام :- اشفاق احمد غوری
کتاب کا نام :- صراطِ حَسّان