کرم ہے آپﷺ کا آقا ! مدینے ہم بھی آئے ہیں
پلا دیں جام الفت کا کہ پینے ہم بھی آئے ہیں
بجھا دے پیاس جو ترسی ہوئی بے تاب نظروں کی
وہی ساغر محبت کا تو پینے ہم بھی آئے ہیں
خُدا کی نعمتوں کے آپ قاسم ہیں مِرے مولا!
یہاں بٹتے ہیں رحمت کے خزینے ‘ ہم بھی آئے ہیں
سگِ در کی غلامی کا شرف ہم کو عطا کیجے
اسی سے سیکھنے کچھ تو قرینے ہم بھی آئے ہیں
تِرے در سے جو دوری ہو تو کیا رکھا ہے جینے میں
کہ جینا ہے مدینے کا سو جینے ہم بھی آئے ہیں
جلیل! اپنا تو ایماں ہے یہیں ہوگی نجات اپنی
اُٹھا کر بار عصیاں کا مدینے ہم بھی آئے ہیں
شاعر کا نام :- حافظ عبدالجلیل
کتاب کا نام :- مہکار مدینے کی