کشتی دل کے ناخدا صلی علی محمد
نوح نبی کے پیشوا صل علی محمد
ماہ وشوں کے مہ لقا اہل دلوں کے دلربا
روحی فداک مرحبا صل علی محمد
احمدا حد کے راز کا میم ہی پردہ دار تھا
آپ میں آپ تھا چھپاصل على محمد
خود ہی بلایا خود گیا بن کے کلیم طور پر
خود ہی غش آیا بول اٹھا صل علی محمد
کرتی ہیں شور بلبلیں نغمہ سراہیں قمریاں
دھوم پڑی ہے جابجا صل علی محمد
بیدم خستہ تن نے آج دیکھا چمن میں ماجرا
برگ کو گل نے دی صدا صل علی محمد
شاعر کا نام :- بیدم شاہ وارثی
کتاب کا نام :- کلام بیدم