کوئی ثانی نہیں، محبوب ؐ بنایا ایسا
رب نے سرکارؐ کے پیکر کو سجایا ایسا
مرتبہ ساری خدائی میں بڑا اس کو ملا
کوئی آئے گا کبھی اور نہ آیا ایسا
جو گرے تھے وہ اٹھے ، دنیا کے سلطان بنے
مرے آقاؐ نے نگاہوں سے اٹھایا ایسا
دشمن جان تھے جو ، ہمدم و دمساز بنے
میرے سرکارؐ نے بچھڑوں کو ملایا ایسا
جان لینے کے لئے آئے، گرے قدموں میں
میرے آقاؐ نے انھیں جلوہ دکھایا ایسا
والی کون و مکان ہو گئے مہمان ان کے
ابو ایوب ؓ نے کُلی کو سجایا ایسا
داد دیتے ہیں سر عرش ملائک سارے
جشن ِ میلاد غلاموں نے منایا ایسا
مرحبا کیوں نہ کہیں رحمتِ عالم کے غلام
ذکرِ سرکار ظہوریؔ نے سنایا ایسا
شاعر کا نام :- محمد علی ظہوری
کتاب کا نام :- توصیف