رب کی ہرشان نرالی ہے
ہر سُو اُس کی رکھوالی ہے
دُنیا کب اُس سے خالی ہے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
سب اُس کے ہیں ، وہ ہے سب کا
آقا، داتا ، مالک ، مولا
ثانی نہ کوئی اُس کا ہمتا
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
اُس تک ہی رسائی سچّی ہے
اُس کی ہی بڑائی سچّی ہے
اُس کی ہی خدائی سچّی ہے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
ہر پھُول میں اُس کی رنگینی
خُوشبو اُس کی بھِینی بھِینی
اُس کو زیبا ہے خود بینی
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
کو نین میں پیارا سب کا ہے
اُس پر ہی گُزارا سب کا ہے
خالق وہ ہمارا ، سب کا ہے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
ہر زہر کا ہے تریاق وہی
آقا بھی وہی ، خلّاق وہی
اِس عالَم کا رزّاق وہی
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
شاہِؐ بطحا ، کیا کہنا ہے
اُن کا جلوا ، کیا کہنا ہے
ایسا آقا، کیا کہنا ہے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
ایمان مِلا ، اُن کے صدقے
عرفان مِلا ، اُن کے صدقے
قرآن مِلا ، اُن کے صدقے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
قبضہ ہر شَے پر ہے اُن کا
قَصرِ جنّت، گھر ہے اُن کا
سَر ہے اپنا ، دَر ہے اُن کا
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
ہر سُو جن کے اُجیالے ہیں
ہم سب جن کے مَتوالے ہیں
وہ کالی کملیؐ والے ہیں
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
منجدھار میں اپنا سفینہ ہے
یہ جِینا بھی کیا جِینا ہے
ہم سب کی آس ، مدینہ
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
وہ شمع، شبِستانِ عالَم
وہ خاورِ کَنعانِ عالَم
وہ ناسخِ اَدیانِ عالَم
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
احوال اُنہِیں سے جا کہنا
سُنتا ہے خدا، اُن کا کہنا
مکّی مَدَنی کا ، کیا کہنا
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
سرتاجِ رَسُولاں، صلِّ علیٰ
کاملِ اکمَل ، محبوبِ خدا
کونین میں ہے اُن کا چرچا
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
صدقے اُں کے میخانے پر
ہر دَم رحمت برسانے پر
ہے مُہرِ نبّوت، شانے پر
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
وہ نُورِ حریمِ عبدؒ اللہ
وہ ابنِ کریمِ عبدؒ اللہ
وہ دُرِّ یتیمِ عبدؒ اللہ
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
وہ دائی حلیمہؒ کا پالا
جبریلؑ ہے جس کا مَتوالا
وہ ختمِؐ رُسل ، کملی والا
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
سَر خَیلِ رَسُولانِ زَمَنی
میموں قَدَمی، نُوریں بَدَنی
محبوبِؐ خدا، مکّی مَدَنی
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
اُس نے ہی جگا یا ہے سب کو
دِین اُس نے بتایا ہے سب کو
اُس نے ہی سکھا یا ہے سب کو
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
قرآن و حدیث میں آیا ہے
اُمّت کا یہی سرمایہ ہے
سرکارؐ نے بھی فرمایا ہے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
بہتر، برتر ، یارانِ نبیؐ
بُو بکر و عُمرعثمان و علی
ہر سُو عزّت اِن چاروں کی
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
سرکارؐ مدینہ کو پیارے
ہیں نُورِ مُجسَّم ، یہ سارے
تکتے ہیں گَردوں سے تارے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
رنگِ حَسَنی اے ، صلِّ علیٰ
اندازِ حُسینی، کیا کہنا
ماں اِن کی ، فاطِمتہُ الزّھرا
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
سردارِ جوانانِ جنّت
دونوں سے بڑھی ، شانِ جنّت
ہیں شمعِ شبستانِ جنّت
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
بےمثل شہادت میں دونوں
مشہور سیادت میں دونوں
یکتا ہیں قیادت میں دونوں
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
یہ دُنیا ، رام کہانی ہے
جو چیز ہے ، آنی جانی ہے
اک رسمِ فنا ، لافانی ہے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
ہر سانس قضا کا ڈیرا ہے
یہ دُنیا رَین بسیرا ہے
یہ جسم ، جنازہ تیرا ہے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
دل کو غم سے سُلگائیں گے
جا کر نہ یہ واپس آئیں گے
نازوں کے پلے بھی جائیں گے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
جب دَور خزاں کا آئے گا
گُل چِیں تکتا رہ جائے گا
غُنچہ غُنچہ ، مُرجھائے گا
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
زد میں تو قضا کے آنا ہے
ایمان تو اِس پر لانا ہے
دُنیا سے ہر اک کو جانا ہے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
یہ عِلم نہیں ،کب جائیں گے
تنہا ہوں گے ، جب جائیں گے
جو آئے ہیں ، سب جائیں گے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
ہر شَے سے دل بیزار ہے اب
آرام و سُکوں ، دُشوار ہے اب
اپنا جینا بیکار ہے اب
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
مَر قد میں اُتارے تُم بھی گئے
اک تُم تھے سہارے ، تُم بھی گئے
ہاتھوں سے ہمارے ، تُم بھی گئے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
کیا آگ لگا کر تُم اُٹّھے
اپنوں کو رُلا کر تُم اُٹّھے
اک حشر اُٹھا کر تُم اُٹّھے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
آنکھیں پُر نم ، دل روتا ہے
سینوں میں قیامت برپا ہے
اب جینے میں کیا رکّھا ہے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
سینے میں چھُری سی مار گئے
منجدھار میں ہم ، تُم پار گئے
تُم جیت گئے ، ہم ہار گئے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
اُٹھنے کے لیے پَر تو لو تو
یہ بند کفن کے کھولو تو
چُپ چُپ کیوں ہو ، کچھ بولو تو
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
اشکوں کے لیے ، گجرے گہنے
تن پر کپڑے غم کے پہنے
آئے ہیں خدا حافظ کہنے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
یُوں کیسے اکیلے جاؤگے
تنہائی سے گھبراؤ گے
رہ رہ کے ہمیں یاد آؤ گے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
مَر قد میں نُورِ نبیؐ ہو گا
میّت کو شُعورِ نبیؐ ہو گا
جاتے ہی ظہورِ نبیؐ ہوگا
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
اک شکل دِکھائی جائے گی
تصدیق کرائی جائے گی
تقدیر بنائی جائے گی
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
چھائے گی لحد میں تابانی
آئے گی وہ ذاتِ نُورانی
ہو جائے گی دُور پریشانی
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
انوار کا مرکز، دل ہوگا
یُوں لُطفِ خدا شامل ہوگا
دیدارِ نبی ؐ حاصل ہوگا
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
اللہ سے ہے اُلفت کتنی
کس دل میں ہے کتنا عشقِ نبیؐ
دیکھیں گے نکیرین آکے یہی
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
اعجازِ نظر دِکھلائیں گے
گھبراؤ نہیں ، وہ آئیں گے
سرکارؐ ، کرم فرمائیں گے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
وہ ذاتِ جلیلہ کافی ہے
بخشش کو یہ حیلہ کافی ہے
حضرت ؐ کا وسیلہ کافی ہے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
باہم مِلتے سِبطین ابرو
ہیں آبروئے دارین ابرو
مازاغ نظر ، قَوسَین ابرو
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
دُنیا کے رشتے سب جھوٹے
آنکھیں بھر آئیں ، دل ٹُو ٹے
ماں باپ بہن بھائی چھُوٹے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
سب رشتے ناطے ، کچّے ہیں
کیا بھائی بہن ، کیا بچّے ہیں
اللہ کے وعدے ،سَچّے ہیں
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
دامن اشکوں سے بِھگونا تھا
قسمت میں ہماری رونا تھا
وہ ہو کے رہا ، جو ہونا تھا
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
کیا روگ لگایا قسمت نے
رہ رہ کے رُلایا قسمت نے
یہ دن بھی دِکھایا قسمت نے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
ہر سُو ہے کرم کا آوازہ
دُنیا کو غلط ہے اندازہ
ہر اک پہ کھلا ہے دروازہ
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
رحمت کی گھٹائیں چھائی ہیں
پیغامِ عنایت لائی ہیں
طیبہ سے ہوائیں آئی ہیں
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
کیا اُس کو غمِ آئندہ ہے
تاروں کی طرح تابندہ ہے
جو اُں پہ مَرا ، وہ زندہ ہے
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
ممکن نہیں مدحِ شاہِؐ ہُدٰی
گیلانی پیرؒ نے خُوب کہا
"کتّھے مہرِؒ علی ، کتّھے تیری ثنا"
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
دل اُن کے صدقے ، سَر قُرباں
ماں باپ تصَدُّق گھر قُرباں
سَو جاں سے نصیؔر اُن پر قُرباں
پڑھو لا اِلٰہ اِلَّا اللہ
یا سرؐوَرِ عالَم صلِّ علیٰ
شاعر کا نام :- سید نصیرالدیں نصیر
کتاب کا نام :- فیضِ نسبت