ممتاز ہیں دنیا میں اسی ایک سبب سے
وابستہ ہیں ہم دامنِ سلطانِ عرب سے
ہے اور سخی کون شہنشاہِ امم سا
جو سائلِ در کو دے سَوا اس کی طلب سے
کیا شان بیاں مجھ سے ہو دربارِ نبی کی
جبریل بھی حاضر جہاں ہوتے ہیں ادب سے
اللہ نے یوں کی ہے زباں ان کی مبارک
ہوتا ہے وہی آپ جو فرماتے ہیں لب سے
لب ہلنے سے پہلے وہ عطا کرتے ہیں مجھ کو
میں آیا غلامی میں ہوں سرکارکی جب سے
رہتا ہے شب و روز خیالوں میں مدینہ
دیکھوں گا میں آنکھوں سے یہ ارمان ہے کب سے
اے کاش! مدینے میں گزر جائے مری عمر
آصف یہ دعا مانگتا رہتا ہوں میں رب سے
شاعر کا نام :- محمد آصف قادری
کتاب کا نام :- مہرِحرا