نامِ احمد ہے خدا کے فضل سے ایماں کی روح
رحمتِ ربِ عُلا ہے اس شہِ ذی شاں کی روح
ہے دمِ عیسیٰ، یدِ موسیٰ میں شامل اس کا فیض
حاملِ حسنِ محمد، یوسفِ کنعاں کی روح
وہ پسینہ جس سے نکہت مشک کو حاصل ہوئی
ان کی خوشبو بن گئی ہے ہر گلِ خنداں کی روح
عالمِ اجسام پر قبضہ انھیں رب نے دیا
حکم ہو ان کا تو لوٹ آئے تنِ بے جاں کی روح
ہائے بسم اللہ سے لے کر کے سین ناس تک
ان کا ذکر پاک ہے ہر آیتِ قرآں کی روح
اس لیے نظمی پڑھا کرتا ہے میلادِ نبی
کانپ کانپ اٹھتی ہے ان کے نام سے شیطاں کی روح
شاعر کا نام :- سید آل رسول حسنین میاں برکاتی نظمی
کتاب کا نام :- بعد از خدا